حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی سی بی کا چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین، خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے گا Home / کھیل /

پی سی بی کا چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین، خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے گا

ایڈیٹر - 02/06/2026
پی سی بی کا چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین، خصوصی تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ کے معروف اور دیرینہ مداح "چاچا کرکٹ" کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی خراجِ تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کئی دہائیوں سے قومی ٹیم کی بھرپور حمایت کرنے والے چاچا کرکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری بین الاقوامی سیریز قرار دیا ہے، جس کے بعد پی سی بی نے ان کے اعزاز میں خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ چاچا کرکٹ محض ایک شائق نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کی پہچان بن چکے ہیں، جنہوں نے ہر دور میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھی۔

اطلاعات کے مطابق دوسرے ون ڈے میچ کے موقع پر پی سی بی چاچا کرکٹ کو خصوصی اعزاز سے نوازے گا۔ اس موقع پر انہیں بورڈ کا مہمانِ خصوصی بنایا جائے گا، جبکہ ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں یادگاری کیک کاٹا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چاچا کرکٹ کو میچ کے اختتامی پروگرام میں بھی مدعو کیا جائے گا، جہاں شائقین اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان کی طویل وابستگی اور پاکستان کرکٹ کے لیے جذبے کو سراہا جائے گا۔

کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ چاچا کرکٹ برسوں سے اسٹیڈیمز میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ قومی ٹیم کی نمائندہ آواز بنے رہے ہیں اور ان کی خدمات پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہیں۔