پشاور میں نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 کے انعقاد کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 7 جون کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں پروقار تقریب میں کرینگے جس میں چاروں صوبوں اور مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے 952 باصلاحیت مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر اور ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیراہتمام نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں سکواش، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کراٹے اور والی بال کے مقابلے منعقد ہوں گے ۔ تمام کھیلوں میں مرد اور خواتین کے الگ الگ مقابلے رکھے گئے ہیں جبکہ والی بال میں مردوں کے مقابلے شامل ہوں گے۔
تاج محمد خان ترند نے نوجوان کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اس چیمپئن شپ کو ایک بہترین موقع سمجھیں اور میدان میں اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ اپنے اپنے صوبوں اور پورے پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے جی جان سے محنت کریں۔ انہوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیل کے یکساں اور بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔"یہ ایونٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ایک شاندار ذریعہ ثابت ہوگا
ایونٹ کی افتتاحی تقریب 7 جون 2026 کو پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جبکہ مختلف کھیلوں کے مقابلے 8 جون سے 10 جون تک جاری رہیں گے۔ سکواش مقابلے 3 جون سے 5 جون تک کھیلے جائیں گے