اسلام آباد – محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے تپتے موسم میں چند مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بادل برسنے کی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کوہستان، سوات، مالم جبہ، کالام اور ان کے گردونواح کے علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی بھی متوقع ہے جو سیاحوں اور مقامی آبادی کے لیے خوشگوار موسم کا سبب بنے گی۔ دوسری جانب مری اور گلیات کے تفریحی مقامات پر بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے گرمی کا زور کچھ ٹوٹ جائے گا۔ تاہم، خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم بدستور گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان میں عید الاضحیٰ مئی کے آخری ہفتے یعنی 27 مئی سے شروع ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے موجودہ آؤٹ لک اور موسمیاتی رجحانات کے مطابق عید کے دنوں میں ملک بھر میں موسم شدید گرم خشک رہنے کا امکان ہے۔
عید کے دنوں میں موسم کی صورتحال کے بارے میں موسمیات کے ماہر جواد میمن کا کہنا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں عید کے دنوں میں شدید گرمی اور حبس کا راج رہے گا۔ مئی کا آخری ہفتہ روایتی طور پر سال کے گرم ترین دنوں میں شمار ہوتا ہے اور اس بار بھی میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی اور اندرونی علاقوں میں گرمی کی شدت اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال برقرار رہے گی، جس کی وجہ سے قربانی کے دوران شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔