کھٹمنڈو: دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر موسم سازگار ہوتے ہی کوہ پیمائی کی تاریخ کا سب سے بڑا اور نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں ایک ہی روز میں سینکڑوں کوہ پیما چوٹی سر کرنے میں کامیاب رہے۔
نیپالی حکام اور مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق، 21 مئی کو تاریخ ساز موسمی حالات کے باعث مجموعی طور پر 274 کوہ پیماؤں نے ماؤنٹ ایورسٹ کی 8,848 میٹر بلند چوٹی پر قدم رکھ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل ایک ہی روز میں کامیاب سمٹ کا پرانا ریکارڈ سال 2019 میں قائم ہوا تھا جب 223 کوہ پیما چوٹی پر پہنچے تھے۔ نیپال کی وزارتِ سیاحت نے رواں سیزن کے لیے ریکارڈ 500 کلائمبنگ پرمٹ جاری کیے ہیں، جس کی وجہ سے ایورسٹ پر کوہ پیماؤں کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔
رواں سیزن جہاں مجموعی ریکارڈز کے لحاظ سے تاریخی رہا، وہی انفرادی سطح پر بھی انسانی عزم اور مہارت کی نئی مثالیں سامنے آئی ہیں۔ نیپال کے 56 سالہ مایہ ناز کوہ پیما کیمی ریتا شیرپا نے ریکارڈ 32 ویں مرتبہ دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کر کے اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا لیا ہے۔ دوسری جانب، 52 سالہ لکھپا شیرپا نے 11 ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ فتح کر کے خواتین کوہ پیماؤں کی فہرست میں دنیا کا نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس سیزن کا سب سے متاثر کن کارنامہ دونوں ٹانگوں سے محروم روسی کوہ پیما رستم نبیئیف نے انجام دیا، جنہوں نے غیر معمولی جسمانی معذوری کے باوجود محض اپنے ہاتھوں کے سہارے ایورسٹ کی بلندیوں کو چھو کر دنیا کو حیران کر دیا۔ عالمی ماہرین ان کامیابیوں کو کوہ پیمائی کی تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دے رہے ہیں۔