حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیےسرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ Home / باجوڑ /

باجوڑ: سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیےسرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

ایڈیٹر - 20/05/2026
باجوڑ: سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیےسرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

باجوڑ میں سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین  نے باجوڑ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کی مبینہ ملازم دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حق میں آواز بلند کی۔
احتجاجی مظاہرے سے صدر وحدت اساتذہ و آل ٹیچرز ایسوسی ایشن باجوڑ تاثیر جان، جنرل سیکرٹری و صدر ملگری استاذان واہب جان، سینئر نائب صدر ملگری استاذان خیبرپختونخوا عمر خطاب عمرخیل، تنظیم اساتذہ کے محمد عمران، پیپلز ٹیچرز فورم کے جہانگیر، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ایسوسی ایشن کے صدر محمد حکیم، پبلک ہیلتھ کے فضل اکبر اور آئی ٹی اے کے لیاقت علی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو سرکاری ملازمین کے خلاف قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنشن کا پرانا طریقہ کار فوری طور پر بحال کیا جائے اور سرکاری اداروں کی نجکاری جیسے غریب دشمن اقدامات بند کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کمر توڑ مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ سے متعلق مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت اپنے منظور کردہ فیصلے کے مطابق پی ایس ٹی سے ایس ایس ٹی تک تمام کیڈرز کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کو فوری طور پر عملی شکل دے۔
مقررین نے واضح کیا کہ اگیگا قیادت کی کال پر سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔