منڈہ دیرلویر میں پولیس پر حملہ کرنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرکے ان اسلحہ برآمد کرلیا
اس حوالے سے ڈی پی او دیرلویر عبدالسلام خالد ایس پی سی ٹی ڈی پیر زر بادشاہ ایس پی انویسٹیگیشن رشید خان ڈی ایس پی سی ٹی ڈی برکت خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ31 مارچ 2025 کو تھانہ مُنڈہ کی حدود طور قلعہ میں واقع بائیکو پیٹرول پمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کانسٹبل سجاد خان ولد ہارون رشید سکنہ عارف کلے کو شدید زخمی کردیا۔
زخمی کانسٹبل سجاد خان کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لئے مُنڈہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دورانِ علاج انہوں نے پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈیوٹی پر واپسی جا رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان پر اراد? قتل کے تحت فائرنگ کی۔
کانسٹبل کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ سابقہ دشمنی یا ذاتی عناد نہیں تھا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی ڈسٹرکٹ دیر میں نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔ایس پی سی ٹی ڈی پیر زر بادشاہ کی قیادت میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی برکت خان اور انویسٹی گیشن ٹیم نے جدید سائنسی اور پیشہ ورانہ طریقہ کار اپناتے ہوئے تفتیش کا عمل جاری رکھا۔ محنتی کوششوں کے نتیجے میں پولیس نے واقعہ میں ملوث دو ملزمان، کو گرفتار کر لیا۔
مزید تفتیش کے لئے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جی آئی ٹی) تشکیل دی گئی، جس کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ کانسٹبل سجاد خان اور مرکزی ملزم کے درمیان ذاتی تنازعہ کا نتیجہ تھا. پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی نشان دہی پر آلہ اقدام قتل ایک عدد SMG بمعہ میگزین برآمد کر لی۔ابتدائی اور حتمی تحقیقات کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ واقعہ ذاتی دشمنی کے تحت پیش آیا، جو کسی قسم کی دہشت گردی سے تعلق نہیں رکھتا۔
پولیس کی جانب سے کیس کی تفتیش منطقی انجام کے قریب پہنچ چکی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے