سندھ کے ضلع جیکب آباد میں پسند کی شادی کرنے پر پورے گاؤں کو انتہائی وحشیانہ اور اجتماعی سزا دینے کا ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مسلح افراد نے ایک پورے دیہات پر دھاوا بول کر درجنوں مکانات کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک اور ہولناک واقعہ جیکب آباد کے نواحی علاقے گوٹھ محمد صدیق آرائیں میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں ہونے والی ایک پسند کی شادی کی پاداش میں مشتعل مسلح افراد نے پورے گاؤں کو نشانہ بنایا۔ جدید اسلحہ سے لیس حملہ آوروں نے گاؤں میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے شہریوں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ آگ کی چپیٹ میں آنے کے باعث درجنوں غریب دیہاتیوں کے مکانات اور ان میں موجود قیمتی سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ واقعے کے دوران مسلح افراد مسلسل جدید اسلحے سے فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتے رہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس حکام کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف مقامات پر فوری چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں واقعے میں ملوث 5 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ علاقے میں نفری تعینات کر کے دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ حکام نے سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔