سیشلز : پاکستانی ایتھلیٹ وقار احمد نے افریقی جزائر سیشلز میں منعقدہ سالانہ 'سیشلز ٹریل رن' میں ایک بار پھر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔ انہوں نے نہ صرف اس عالمی ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا دفاع بھی کامیابی سے کر لیا۔
دنیا بھر کے رنرز کے لیے انتہائی سخت اور چیلنجنگ سمجھی جانے والی اس 22 کلومیٹر طویل ٹریل رن میں شرکاء کو پہاڑی راستوں، گھنے جنگلات اور ساحلی پٹی پر مشتمل مشکل ٹریکس کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی رنر وقار احمد نے ان تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 11 منٹ اور 39 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
ریس میں دنیا بھر سے آئے رنرز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جنوبی افریقا کے رنر ڈینیئل کلاسن نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم وہ مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 13 منٹ میں طے کر سکے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
وقار احمد کی اس شاندار کامیابی اور ٹائٹل کے دفاع کو عالمی سطح پر پاکستانی ایتھلیٹس کی صلاحیتوں، مستقل مزاجی اور بہترین فٹنس کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی اس فتح سے بین الاقوامی اسپورٹس گراؤنڈ پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔