حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عسکریت پسندوں نے بینک کیش وین 8 کروڑ روپے کیش اور عملے سمیت اغوا کر لی Home / لائف سٹائل /

عسکریت پسندوں نے بینک کیش وین 8 کروڑ روپے کیش اور عملے سمیت اغوا کر لی

ایڈیٹر - 13/05/2026
عسکریت پسندوں نے بینک کیش وین 8 کروڑ روپے کیش اور  عملے سمیت اغوا کر لی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ڈومیل کی حدود سے اغوا کی جانے والی حبیب بینک کی کیش بردار گاڑی اور اس کے عملے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، عسکریت پسندوں نے اغوا کیے گئے تمام بینک ملازمین بشمول ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈز کو گاڑی سمیت رہا کر دیا ہے، تاہم گاڑی میں موجود خطیر رقم اور اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ یہ گاڑی بنوں کے مختلف بینکوں تک نقد رقم (کیش) کی محفوظ ترسیل کے لیے استعمال کی جا رہی تھی، جسے راستے سے اغوا کیا گیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے مبینہ طور پر گاڑی میں موجود 8 کروڑ روپے کی بھاری نقدی اور سیکیورٹی گارڈز کا سرکاری اسلحہ لوٹ لیا ہے اور عملے کو محفوظ مقام پر چھوڑ کر خود فرار ہو گئے۔ اس سے قبل کیش وین کو سیکیورٹی گارڈز، ڈرائیور اور رقم سمیت تھانہ ڈومیل کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا، جس پر پولیس نے بڑے پیمانے پر ناکہ بندی بھی کی تھی۔ دوسری جانب، تھانہ ڈومیل کی حدود میں پے درپے ہونے والے ان سنگین اور ہائی پروفائل واقعات کے باعث مقامی تاجر برادری اور عوام کے اندر شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، اور انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔