سرائے نورنگ : ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں گزشتہ روز ہونے والے ہولناک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں دھماکے میں شدید زخمی ہونے والا مقامی نوجوان افنان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والا افنان 7 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور خاندان کا واحد کفیل تھا، جو سرائے نورنگ بازار میں جوس بیچ کر اپنے غریب خاندان کی پرورش کر رہا تھا۔ اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، اس دکھی خاندان پر ٹوٹنے والی یہ دوسری بڑی قیامت ہے۔ جاں بحق افنان کا بڑا بھائی ریاض، جو کہ سابق ایف سی اہلکار تھا، چند ماہ قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہو چکا تھا۔ بڑے بیٹے کی شہادت اور شوہر کی وفات کے بعد بوڑھی ماں نے افنان کی زندگی بچانے کے لیے اس کی سرکاری ملازمت چھڑوا دی تھی تاکہ وہ اس کی آنکھوں کے سامنے رہے۔ ریاض کی شہادت کے بعد افنان نے موٹر سائیکل رکشہ (زرنج) خرید کر اور بعد ازاں جوس کی دکان کھول کر محنت مزدوری شروع کی تھی، لیکن گزشتہ روز کے دھماکے نے اس آخری سہارے کو بھی چھین لیا۔ اب اس گھر میں کوئی مرد باقی نہیں رہا۔ جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ انتہائی رقت آمیز مناظر کے دوران ادا کر دی گئی، جس میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔