بنوں: تھانہ صدر کی حدود میں خواجہ سراء کا بے دردی سے قتل، پولیس کی تحقیقات جاری
بنوں کے علاقے تھانہ صدر کی حدود کٹی باغ میں ایک انتہائی لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک خواجہ سراء کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شناخت مسکان عرف دیوانی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ضلع پشاور سے بتایا جاتا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ملزم امجد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسکان پر چھریوں سے حملہ کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجوہات اور دشمنی کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے، تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور جلد ہی ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔