حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خوشیاں ماتم میں بدل گئیں: باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 13 زخمی" Home / لائف سٹائل /

خوشیاں ماتم میں بدل گئیں: باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 13 زخمی"

ایڈیٹر - 11/05/2026
خوشیاں ماتم میں بدل گئیں:  باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق، 13 زخمی

سوات: ملم جبہ کے علاقے گناجیر میں باراتیوں کی گاڑی کو پیش آنے والے المناک حادثے نے خوشیوں بھرے گھر کو ماتم کدے میں تبدیل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے مشہور سیاحتی علاقے ملم جبہ کے مقام گناجیر میں باراتیوں سے بھری ایک فلائنگ کوچ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔ عینی شاہدین اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آڈو سے گناجیر جانے والی گاڑی کے بریک اچانک فیل ہو گئے، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گری۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، مقامی پولیس اور اہل علاقہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ گاڑی کے مکمل طور پر تباہ ہو جانے کے باعث لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تمام متاثرین کو کھائی سے نکال کر کڈنی ہسپتال منگلور اور سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ جس بچی کی رخصتی ہوئی تھی، اس کی والدہ، پھوپھی اور خاندان کے دیگر قریبی افراد بھی اس حادثے کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے اور شادی کی محفل میں خوشیوں کی جگہ چیخ و پکار نے لے لی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔