باجوڑ، تاجر برادری کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی،اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان
تفصیلات کے مطابق ضلع باجوڑ کے تمام بازاروں کے صدور اور تاجر برادری نے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے باجوڑ پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پریس کانفرنس سے خار بازار کے صدر واجد علی شاہ، عنایت کلے بازار کے صدر عمران ماہر، پھاٹک بازار کے صدر حاجی اکبر جان، ناوگئی بازار کے صدر قیاص خان، باجوڑ چیمبر کے صدر لعلی شاہ، حاجی امیر الرحمان، میاں صاحب الرحمان سمیت جملہ بازاروں کے صدور اور تاجروں نے خطاب کیا اور شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور خریدنے، فروخت نہ کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ مقررین نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر ہم بالواسطہ اہلیان غزہ کے ساتھ تعاون نہیں کرسکتے تو کم از کم اتنا تو کرسکتے ہیں کہ اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، ہماری کوشش ہوگی کہ پورے بازاروں میں اسرائیلی مصنوعات کا خاتمہ کریں اور ملکی مصنوعات کو ترجیح دیں گے۔ مقررین نے صوبائی حکومت کے جانب سے منرل بل لانے اور معدنیات کو وفاق کے حوالے کرنے کے اعلان کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور علی الاعلان مخالفت کا اعلان کیا۔