ضلع خیبر کے علاقے برقمبر خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سرکاری اسکول کے استاد جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر وقار احمد کے مطابق مقتول، مسافر شاہ، جیسے ہی گورنمنٹ ہائی اسکول جان خان کلے پہنچے تو گھات لگائے حملہ آوروں نے اسکول کے مرکزی دروازے پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ لاش کو ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ مقتول مذکورہ اسکول میں سیکنڈری اسکول ٹیچر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ قتل کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکیں، تاہم پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔