باجوڑ : خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ان پے در پے واقعات نے ضلع بھر میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
پہلا واقعہ تحصیل خار کے علاقے کوٹوالو خوڑ میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے محمد یوسف ولد محمد گل (سکنہ ترخو ماموند) کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد یوسف موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ دوسرا افسوسناک واقعہ تحصیل سلارزئی کے علاقے کوڈیگئی بانڈہ میں پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ممتاز ولد میثل خان (سکنہ درہ بانڈہ سلارزئی) جاں بحق ہو گئے۔
سرکل ڈی ایس پی جمال شاہ نے دونوں واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق، پولیس ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاحال کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم پولیس اسے ٹارگٹ کلنگ اور ذاتی دشمنی سمیت تمام زاویوں سے دیکھ رہی ہے۔