باجوڑ : باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے کوہی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے معروف سماجی کارکن ملک ضیاء سالارزئی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ملک ضیاء سالارزئی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ کوہی کے علاقے میں موجود تھے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا، تاہم خون زیادہ بہہ جانے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ابھی تک کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔