پشاور: بے روزگاری اور گھریلو پریشانیوں سے تنگ دو نوجوانوں نے موت کو گلے لگا لیا، پولیس کی تحقیقات جاری
پشاور (نیوز رپورٹر): صوبائی دارالحکومت پشاور میں خودکشی کے دو الگ الگ واقعات نے شہر کو سوگوار کر دیا، جہاں بے روزگاری اور ناگفتہ بہ گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر دو نوجوانوں نے اپنی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔
پہلا واقعہ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں پیش آیا جہاں 23 سالہ محمد اشتیاق نے مبینہ طور پر بے روزگاری اور والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر نمازِ فجر کے بعد پستول سے فائرنگ کر کے اپنی زندگی ختم کر لی۔ مقتول کے والد محمد اشفاق نے پولیس کو بتایا کہ بیٹا کام کاج نہیں کرتا تھا جس پر اسے اکثر ٹوکا جاتا تھا، جس سے رنجیدہ ہو کر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
دوسرا واقعہ ریلوے پولیس لائن کالونی میں پیش آیا، جہاں 26 سالہ وقاص ولد میاں فیروز خان نے گھریلو حالات سے پریشان ہو کر خود کو سینے میں گولی مار لی۔ زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کر کے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔