لاہور (نمائندہ حسبان میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر و متحرک رہنما، سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں احسان الحق طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی وفات کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مرحوم میاں احسان الحق کا شمار پیپلز پارٹی کے ان جاں نثار رہنماؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے آمریت کے ادوار میں پارٹی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے ایوانِ بالا (سینیٹ) اور قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے بھرپور عوامی نمائندگی کی اور پارلیمانی سیاست میں اپنا لوہا منوایا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، میاں احسان الحق کی نمازِ جنازہ آج بروز اتوار، بعد نمازِ عصر 'جامع مسجد، بلاک اے، مسلم ٹاؤن، لاہور' میں ادا کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بشمول صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔