نادرا کی سربراہی، بےنظیر انکم سپورٹ کا نظام۔ پاکستان کیوں چھوڑا؟ اقوامُ متحدہ اور ورلڈ بینک کی ایڈوائزری۔
نیویارک (عظیم ایم میاں) نادرا کے سابق چیئرمین اور ورلڈ بینک کے موجودہ مشیر پاکستانی نژاد طارق ملک کی ڈیجیٹل شناخت اور پبلک انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں مہارت، خدمات اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں اس شعبے میں دنیا بھر میں ماہر ترین 25؍ افراد میں تسلیم کرلیا گیا ہے ان 25؍ ماہرترین افراد کے نام اور تصاویر 4؍ مئی کی صبح دنیا کے سب سے پہلے الیکٹرانک اسٹاک ایکسچینج عالمی شہرت یافتہ (NASDAQ) کی اسکرین واقع ٹائمز اسکوائر نیویارک پر پیش کرکے اعلان کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل شناخت اور آئی کلائوڈ اور سائبر سیکورٹی کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم (OKTA) نے دنیا بھر میں اس شعبے میں ان 25؍ افراد کا انتخاب کیا جن کی مہارت اور خدمات نے ڈیجیٹل شناخت، سیکورٹی اور ڈیجیٹل ٹرسٹ کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنی مہارت کے اثرات مرتب کئے ہیں۔ نامور پاکستانی محقق اور دانشور پروفیسر فتح ملک کے صاحبزادے طارق ملک ورلڈ بینک کے موجودہ ٹیکنیکل ایڈوائزر کے عہدے سے قبل اقوام متحدہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ کے ڈیجیٹل نظام کے خالق بھی ہیں۔ اپنے ایک نجی دورہ امریکا کے دوران بے نظیر بھٹو شہید کی ملاقات طارق ملک سے ہوئی اور بے نظیر بھٹو نے طارق ملک کو پاکستان آنے اور ملک کی خدمت کرنے پر آمادہ کیا پھر طارق ملک اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان میں خدمات انجام دیتے رہے اور بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی نادرا اور ڈیجیٹل شناخت اور سیکورٹی کے نظام کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے میں خدمات انجام دیتے رہے اور نادرا کے چیئرمین بھی رہے۔ طارق ملک نے پاکستان چھوڑنے اور امریکا واپسی کرکے اقوام متحدہ اور ورلڈ بینک کے عالمی اداروں میں خدمات انجام دینے کے حوالے سے نمائندہ جنگ عظیم ایم میاں سے گفتگو میں بتایا کہ وہ پاکستان کے سیاسی نظام میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انداز میں انتخابات کاایسا نظام دینا چاہتے تھے جس سے انتخابات میں دھاندلی، بوگس ووٹنگ اور دیگر الزامات کی گنجائش باقی نہ رہے اور ایک فول پروف، شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذ ریعے انتخابات میں حصہ لینے والی تمام پارٹیاں اور شخصیات کے لئے اعتماد ور قبولیت کا باعث ہو۔ طارق ملک کا کہنا ہے کہ ان کی اس تجویز کو پاکستان کے ان بعض حلقوں نے پسند نہیں کیا جن کے مفادات الیکشن کے موجودہ نظام سے وابستہ ہیں ان کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلیوں اور بے قاعدگیوں کے الزامات نے بھی پاکستان کی عالمی امیج، انتخابات کی شفافیت اور سیاسی استحکام کومتاثر کیا ہے اور موجودہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ترقی اور نظام میں پاکستان میں انتخابی شفافیت سے لیکر پبلک پالیسی اور حکومتی نظام و کارکردگی کو فعال اور بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ طارق ملک نے اس سال دنیا میں ڈیجیٹل شناخت اور سیکورٹی کے ماہر ترین اور عالمی نظام پر اثرات ڈالنے والی 25؍ شخصیات میں شامل کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پاکستانی شناخت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو کی سرپرستی اور ہمت افزائی کی بدولت پاکستان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے پر اظہار تشکر بھی کیا۔