دیر بالا: گھریلو تنازع کا المناک انجام، باپ نے فائرنگ کر کے جواں سال بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا
دیر بالا (نمائندہ خصوصی، حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں تھانہ گندیگار کی حدود میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں معمولی گھریلو تنازع پر باپ نے اپنے ہی لختِ جگر پر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم شریف اللہ نے گھریلو ناچاقی پر طیش میں آکر اپنے سگے بیٹے بخت علی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان بخت علی شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اسلم نواز نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او واڑی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں سنگدل باپ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جا سکیں۔