پشاور: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر (Heat Wave) کا باضابطہ انتباہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا قوی امکان ہے، جبکہ مئی کے آغاز سے ہی گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق مئی اور جون کے مہینوں میں ملک کے بعض میدانی علاقوں میں پارہ 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جو انسانی صحت اور زراعت کے لیے تشویشناک ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد ریسکیو اداروں اور ہسپتالوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے باعث کچھ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، تاہم مجموعی طور پر ہیٹ ویو کے اثرات غالب رہیں گے۔ جنوبی علاقوں میں 29 اپریل سے 3 مئی تک ہلکی ہیٹ ویو متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔