چارسدہ : خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ریسکیو 1122 کا ادارہ وسائل کی شدید کمی اور گاڑیوں کی قلت کے باعث بڑے بحران کا شکار ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ادارے کی متعدد اہم ایمبولینسز مختلف حادثات میں تباہ ہونے کے بعد تاحال مرمت نہیں ہو سکیں، جبکہ نئی گاڑیوں کی فراہمی میں تاخیر نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنے میں درپیش مشکلات کے باعث ہسپتالوں میں انتظامیہ اور عوام کے درمیان تلخ کلامی کے ناخوشگوار واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ محدود وسائل اور ناکارہ گاڑیوں کے باوجود ریسکیو اہلکار اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم گاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث ریپونس ٹائم بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ چارسدہ کے شہریوں اور سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نئی ایمبولینسز فراہم کی جائیں یا موجودہ گاڑیوں کی مرمت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔