فیفا ورلڈ کپ 2026 سے قبل عالمی فٹبال میں اہم کھلاڑیوں کی انجریز نے ٹیموں کی تیاریوں کو شدید متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث متعدد اسٹار کھلاڑیوں کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
تازہ ترین صورتحال میں محمد صلاح کو اس وقت انجری کا سامنا کرنا پڑا جب وہ لیورپول کی جانب سے کرسٹل پیلس کے خلاف میچ کھیل رہے تھے۔ انہیں ہیم اسٹرنگ انجری لاحق ہوئی، جس کے بعد مصری حکام کے مطابق وہ تقریباً چار ہفتے تک میدان سے باہر رہیں گے، تاہم ورلڈ کپ تک ان کی فٹنس کے امکانات موجود ہیں۔
اسی طرح نوجوان اسٹار لامین یامال بھی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ جرمنی کے کھلاڑی مارک آندرے ٹیئر اسٹیگن اور سرج گنابری بھی انجری مسائل کے باعث اپنی ٹیموں کو مکمل طور پر دستیاب نہیں۔
برازیل کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے جہاں روڈریگو گھٹنے کی سنگین انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ ایڈر میلیٹاؤ بھی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اسی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی ایسٹیواؤ بھی انجری کا شکار ہیں۔
فرانس کی جانب سے ہیوگو ایکیٹیکے اچیلس ٹینڈن انجری کے باعث مکمل طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ جاپان کے واتارو اینڈو اور تاکومی منامینو کی شرکت بھی غیر یقینی قرار دی جا رہی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون کو کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں ہوگا، تاہم اہم کھلاڑیوں کی انجریز نے کئی ٹیموں کی تیاریوں کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔