باجوڑ ۔ سلارزئی کے قبائل نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد کیا جس میں مقامی مشران اور عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جرگے میں انور زیب خان، ملک حفظ الرحمن، ملک عبد الناصر اور ملکی محمد یار سمیت سلارزئی قوم کے سرکردہ افراد شریک ہوئے۔
جرگے میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سلارزئی کی سرزمین پر کسی بھی قسم کے امن خراب کرنے والے عناصر کو نہ رہنے دیا جائے گا اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی پناہ فراہم کی جائے گی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش کو اجتماعی سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔
اجلاس میں بانڈہ درہ مانو اور چنار کے علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ کرفیو اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر انور زیب خان نے مشران کے ہمراہ حالات کا جائزہ لیا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
جرگے کے اعلامیے کے مطابق سلارزئی قوم کے مشران جلد اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے ملاقات کریں گے تاکہ اپنے قومی مؤقف کو ان کے سامنے پیش کیا جا سکے اور علاقے میں پائیدار امن کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
جرگے کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور قیام امن کیلئے قبائلی قیادت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ مشران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سلارزئی میں امن کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔