ہری پور – ہری پور کے علاقے بجیدہ میں واقع گورنمنٹ مڈل سکول میں سفاکیت کی انتہا ہو گئی، جہاں ایک استاد نے معمولی تکرار پر ساتویں جماعت کے طالب علم کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ طالب علم عمر، جو کہ پیدائشی طور پر دل کا مریض ہے، تشدد کے باعث شدید زخمی ہو گیا اور اس کے منہ سے خون آتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق، دو روز قبل سکول میں بچوں کے درمیان ہونے والی معمولی توں تکرار پر قاری شوکت نامی استاد نے طیش میں آ کر طالب علم عمر پر چھڑیوں اور مکوں کی بارش کر دی۔ والدین کا کہنا ہے کہ عمر پہلے ہی دل کے عارضے میں مبتلا ہے، استاد کے بے رحمانہ تشدد سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور جسم پر چھڑیوں کے گہرے نشانات واضح ہیں۔
بچے کے والد نے واقعے کے خلاف ڈی او ایجوکیشن ہری پور کو تحریری درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ دار استاد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ عوامی حلقوں نے بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔