خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس ریسکیو 1122 ایک پیشہ ور اور عوامی اعتماد کا حامل ادارہ ہے جو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور معیاری خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ریسکیو 1122 باجوڑ بھی اسی جذبے کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی اور ریفرل ایمبولینس سروس کے ذریعے عوام کو فوری سہولیات فراہم کر رہا ہے اور 19569 کیسز میں بروقت رسپانس دے کر قیمتی جانیں بچائی گئی ہیں جبکہ 5592 ریفرل کیسز میں مریضوں کو محفوظ انداز میں ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 میں ایمرجنسی اور ریفرل سروسز کے لیے باقاعدہ اور واضح طریقہ کار موجود ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں شہری 1122 پر کال کر کے فوری مدد حاصل کرتے ہیں جبکہ ریفرل یعنی ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال مریض کی منتقلی کے لیے ضروری ہے کہ کال کے ساتھ متعلقہ ہسپتال کے ایم ایس یا ڈی ایم ایس کی جانب سے باقاعدہ ریفرل فارم فراہم کیا جائے۔ اسی طریقہ کار کے تحت مریضوں کی منتقلی محفوظ، منظم اور ذمہ داری کے ساتھ یقینی بنائی جاتی ہے۔
زیر بحث واقعے کے حوالے سے واضح کیا جاتا ہے کہ ریسکیو 1122 کو اس مخصوص کیس کے لیے کوئی کال موصول نہیں ہوئی جبکہ ایک اور مریض کی منتقلی کے لیے ایمبولینس ہسپتال پہنچائی گئی تھی تاکہ رابطہ کرنے والے مریض کو منتقل کیا جاسکے۔ اس کے باوجود سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے تاکہ تمام حقائق شفاف انداز میں سامنے لائے جا سکیں۔
ریسکیو 1122 باجوڑ کو تحصیل ماموند، نیک بانڈہ سے تعلق رکھنے والے کمسن بچے کی وفات پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
حقائق درج ذیل ہیں:
ریسکیو1122 کو اس ایمرجنسی کے حوالے سے کسی قسم کی کال موصول نہیں ہوئی۔
لواحقین سمیت کسی نے بھی ریسکیو1122 پر ریفرل سے متعلق رابطہ نہیں کیا،
بچے کی تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال میں علاج معالجے جاری تھا
بچے کا انتقال ہسپتال کے وارڈ میں دوران علاج ہوا نہ کہ ایمبولینس میں یا کسی تاخیر کے باعث ہوا،
ڈاکٹرز کے مطابق بچے نے زہریلا مواد کھایا تھا جس کے باعث اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔
ریسکیو 1122 کو اسی ہسپتال سے دوسرے مریض کی منتقلی کے لیے کال موصول ہوئی تھی اور تمام تر قواعد وضوابط مکمل کیے گئے تھے جس کے لیے ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی جیسا کہ ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر الزام لگانے والا فرد متاثرہ خاندان کا رکن نہیں ہے جبکہ اہل خانہ نے ریسکیو 1122 کے بروقت رسپانس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ریسکیو 1122 ایک ذمہ دار اور پیشہ ور ادارہ ہے جو 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مذمت کی جاتی ہے۔ ایسے منفی اور غیر مصدقہ پراپیگنڈے سے نہ صرف عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں بلکہ ریسکیورز کے حوصلے پر بھی اثر پڑتا ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ معلومات کی تصدیق کے بغیر انہیں پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً 1122 پر رابطہ کریں۔
عوام کے لیے اہم پیغام:
والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ زہریلی ادویات، کیمیکلز اور کیڑے مار ادویات بچوں کی پہنچ سے دور رکھی جائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
ہم ایک بار پھر متاثرہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔