اٹلی کی حکومت نے فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کی جگہ اطالوی ٹیم کو شامل کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
اطالوی وزیر کھیل آندرے ابودی نے واضح کیا کہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ صرف میدان میں کارکردگی کی بنیاد پر ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی ٹیم کو دوسرے کی جگہ شامل کرنا نہ ممکن ہے اور نہ ہی مناسب۔
یہ وضاحت اس بیان کے بعد سامنے آئی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک قریبی ساتھی نے مبینہ طور پر فیفا سے مطالبہ کیا تھا کہ ایران کی جگہ اٹلی کو ٹورنامنٹ میں شامل کیا جائے۔
دوسری جانب مارکو روبیو نے بھی ان قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے کہ امریکا ایرانی کھلاڑیوں کو ایونٹ سے باہر رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا جس سے ایران کی ٹیم کی شرکت متاثر ہو۔
تاہم انہوں نے سکیورٹی خدشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ایونٹ کے دوران کسی بھی مشتبہ فرد کو، خصوصاً اگر وہ صحافی کے روپ میں ہو، ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔