پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے ایک میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو قومی کھلاڑیوں کو مالی سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ واقعہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی ٹیم کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں پیش آیا، جہاں محمد عامر اور فہیم اشرف کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ دیکھنے میں آیا۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب فہیم اشرف آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں ردعمل دیتے ہوئے محمد عامر کے ساتھ الجھ پڑے۔
میدان میں موجود امپائرز اور دیگر کھلاڑیوں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے ماحول کو پرسکون بنانے کی کوشش کی اور معاملہ مزید بڑھنے سے روک دیا۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ بورڈ کے مطابق کھیل کے دوران نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنا ہر کھلاڑی کی ذمہ داری ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ناگزیر ہوتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے، جبکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے سختی سے قواعد پر عملدرآمد کیا جائے گا۔