ضلع باجوڑ میں غیر قانونی اسپیڈ بریکرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ کو بحال کر دیا گیا۔ یہ اقدام ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی ہدایات پر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل میونسپل انتظامیہ ناواگئی کے عملے نے انجینئر ریاض اللہ کی نگرانی میں واڑا ماموند تنی سے خڑی کمر تک مین روڈ پر آپریشن کیا۔ اس دوران سڑک پر قائم غیر قانونی طور پر بنائے گئے تقریباً 63 اسپیڈ بریکرز کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیا گیا۔
حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام تحصیلوں میں تجاوزات اور غیر قانونی رکاوٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو محفوظ اور ہموار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔