پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے اہم میچز کے دوران شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے فیصلہ کن مرحلے سے قبل لاہور میں ہونے والے پلے آف مقابلوں اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی شرکت کی اجازت مانگی گئی ہے۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بڑے میچز میں شائقین کی موجودگی سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ ایونٹ کی رونق میں بھی اضافہ ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق لیگ کی تمام فرنچائزز بھی اس معاملے پر انتظامیہ کی حمایت کر رہی ہیں اور اسٹیڈیمز کھولنے کے لیے دباؤ بڑھا رہی ہیں۔ تاہم شائقین کو اجازت دینے کا حتمی فیصلہ حکومتی منظوری سے مشروط قرار دیا جا رہا ہے اور یہ وزیرِاعظم کی ہدایت کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اخراجات میں کمی کی پالیسی کے تحت لیگ کے میچز خالی اسٹیڈیمز میں کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسی پالیسی کے تحت بعض شہروں میں شیڈول میچز منسوخ کر کے مقابلوں کو قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم تک محدود کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب شائقین اور فرنچائزز دونوں کی جانب سے اس فیصلے پر نظرثانی کی آوازیں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔