امریکا میں فٹبال ورلڈکپ سے قبل ایک غیر معمولی تجویز سامنے آئی ہے، جس میں ایران کی جگہ اٹلی کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کی بات کی گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی پاؤلو زیمپولی نے یہ تجویز فیفا کے صدر اور امریکی قیادت کے سامنے پیش کی۔ اطلاعات کے مطابق اس تجویز کو سفارتی تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکا اور اٹلی کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہو سکتا ہے، جو حالیہ عالمی معاملات اور بیانات کے بعد کچھ تناؤ کا شکار بتائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی قومی فٹبال ٹیم پہلے ہی امریکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئندہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے آمادگی ظاہر کر چکی ہے۔ خود ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ ایرانی ٹیم کو ایونٹ میں خوش آمدید کہا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی تجاویز کھیل اور سیاست کے باہمی تعلق کو ظاہر کرتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ عالمی فٹبال ادارے کی پالیسی اور قواعد کے مطابق ہی کیا جائے گا۔