پشاور: خیبر پختونخوا میں ٹیکس شفافیت کے لیے اہم سنگ میل، کنزیومر ریوارڈ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا کامیاب انعقاد
پشاور (نمائندہ خصوصی): مشیرِ خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کے پی آر اے (KPRA) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 'کنزیومر ریوارڈ اسکیم' کے پہلے لکی ڈرا کے فاتحین میں 10,000 روپے فی کس کے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دوسرے لکی ڈرا کا بھی افتتاح کیا، جس میں مزید 50 فاتحین کا انتخاب کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد شہریوں کو ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس سے اصل ٹیکس رسیدیں وصول کرنے کی ترغیب دینا ہے تاکہ عوامی ٹیکس براہِ راست سرکاری خزانے میں جمع ہو سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ خواتین اور طلبہ کی شرکت بڑھانے کے لیے ان کے لیے الگ لکی ڈرا شروع کیے جائیں اور انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل کے پی آر اے، مس ارم ناز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فروری 2026 سے پشاور، مردان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شروع ہونے والی اس مہم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو کاروباری ادارے کے پی آر اے کے آن لائن نظام سے تصدیق شدہ رسیدیں فراہم نہیں کریں گے، ان کے خلاف بھاری جرمانے اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔