باجوڑ: ضلعی انتظامیہ نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی ہدایات پر صادق آباد پھاٹک کے مقام پر کھلے اور خطرناک مین ہولز کو محفوظ بنا دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق یہ مین ہولز شہریوں، خصوصاً پیدل چلنے والوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے تھے۔ شکایات موصول ہونے پر متعلقہ عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مضبوط سلیبز نصب کر کے انہیں مکمل طور پر بند کر دیا، جس سے ممکنہ حادثات کا خدشہ کم ہو گیا ہے۔
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے بلکہ علاقے میں آمد و رفت بھی مزید آسان ہو گئی ہے۔ مزید برآں پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ باقی ماندہ کام دو روز کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، اور شہریوں کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔