کابل (حسبان میڈیا): افغان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر راشد خان نے وطن دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے بھارت اور آسٹریلیا جیسے بڑے ممالک کی شہریت اور ان کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کی پرکشش پیشکشیں ٹھکرا دیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف اور صرف اپنے ملک افغانستان کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راشد خان نے انکشاف کیا کہ انہیں مختلف مواقع پر غیر ملکی شہریت کی پیشکش کی گئی، یہاں تک کہ 2023 میں ایک اہم شخصیت نے انہیں بھارت میں مستقل قیام کی دعوت بھی دی، مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ راشد خان کا کہنا ہے کہ "میرا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے، اگر میں افغانستان کے لیے نہیں کھیلوں گا تو کسی اور ملک کے لیے بھی نہیں کھیلوں گا۔" ان کا یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں لوگ انہیں "سچا محب وطن" قرار دے رہے ہیں۔