باجوڑ : تحصیل لوئی ماموند کے علاقے لغڑئی میں زمین اور مقامی حدود پر جاری پرانا تنازعہ مقامی جرگہ اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے خوش اسلوبی کے ساتھ ختم ہو گیا ہے۔ گاؤں نختر میں ہونے والے اس جرگے کے نتیجے میں فریقین نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا اور مستقبل میں امن سے رہنے کا عہد کیا۔
جرگہ میں ایس ایچ او لغڑئ باچا خان، اے ایس آئی محمد حبیب، محرر رشید، ناظم نواگئی سب ڈویژن ڈاکٹر خلیل الرحمان اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک خالد خان سمیت دیگر معزز مشران نے شرکت کی۔
فریقین کے درمیان زمین اور مقامی حدود کے تنازعے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے بعد مشران نے رواج اور شرعی اصولوں کی روشنی میں ایسا متفقہ فیصلہ سنایا جو دونوں جانب قابل قبول رہا۔
جرگہ کے اختتام پر فریقین نے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ بھائی چارے اور باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ مشران اور پولیس حکام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مقامی افراد کے مطابق یہ جرگہ علاقائی روایات اور ریاستی نظام کے مؤثر امتزاج کی ایک مثبت مثال ہے، جس سے امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔