حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ہارنا برسوں پہلے چھوڑ دیا، جیت اب ہماری پہچان ہے: حارث رؤف Home / کھیل /

ہارنا برسوں پہلے چھوڑ دیا، جیت اب ہماری پہچان ہے: حارث رؤف

ایڈیٹر - 19/04/2026
ہارنا  برسوں پہلے چھوڑ دیا، جیت اب ہماری پہچان ہے: حارث رؤف

کراچی: پاکستان سپر لیگ میں راولپنڈیز کے خلاف اہم کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ ٹیم نے شکست کو پانچ سال پہلے پیچھے چھوڑ دیا تھا اور اب ٹرافیاں جیت کر کامیابی کو اپنی عادت بنا لیا ہے۔

راولپنڈیز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ بڑے ہدف نے بولرز کا کام آسان کردیا، کیونکہ جب بیٹرز اچھا مجموعہ ترتیب دیتے ہیں تو دفاع کرنا نسبتاً سہل ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اتنی آسان نہیں تھی، اس لیے ٹیم کے بیٹرز بھرپور داد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب نتائج توقعات کے مطابق نہ ہوں تو ٹیم خامیوں پر کام کرتی ہے۔ گزشتہ تین میچز میں جو غلطیاں سامنے آئیں، انہیں دور کیا گیا اور اسی محنت کا نتیجہ میدان میں نظر آیا۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کوتاہیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ ہر کھلاڑی کو خود اپنی بہتری کے لیے مسلسل محنت کرنا پڑتی ہے۔ ان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وکٹیں حاصل کیے بغیر رنز روکنا آسان نہیں ہوتا۔

فاسٹ بولر نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز اب ایسی پوزیشن میں ہے جہاں مزید غلطی کی گنجائش نہیں، باقی تینوں میچ جیتنا ہوں گے تاکہ اگلے مرحلے تک رسائی آسان ہوسکے۔

واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ سے باہر کردیا۔

قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 210 رنز بنائے، جبکہ ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 178 رنز تک محدود رہی۔

یہ راولپنڈیز کی رواں سیزن میں مسلسل ساتویں ناکامی تھی، جبکہ ٹیم اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔