کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے راولپنڈیز کو 32 رنز سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز کے 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز ہی بنا سکی۔
راولپنڈیز کی جانب سے یاسر خان نے 58 اور سعد مسعود نے 54 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلیں، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ڈیرل مچل 11، کپتان محمد رضوان 9، ڈائن فوریسٹر 8، شاہزیب خان 7، سیم بلنگز 7، رضا اللہ 5 اور کول میکونچی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ آصف آفریدی اور محمد عامر 4، 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سکندر رضا اور ڈینیئل سیمز نے ایک، ایک شکار کیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔
قلندرز کی اننگز میں فخر زمان سب سے نمایاں رہے جنہوں نے جارحانہ انداز میں 84 رنز اسکور کیے، جبکہ محمد فاروق نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عبداللہ شفیق 26 رنز بنا سکے جبکہ سکندر رضا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آصف علی 14 اور چرتھ اسالنکا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور رضا اللہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔