اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران خراب موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے بارش، آندھی، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرد آلود جھکڑوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ متعدد مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی و پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، مینگورہ، بٹگرام، ہری پور، پشاور اور مانسہرہ میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایبٹ آباد، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی موسلا دھار بارش اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، استور، دیامر، کھرمنگ، شگر، غذر، نگر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیاں احتیاط سے چلائیں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
ادارے نے خبردار کیا کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ مسلسل بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔