حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چیلنج کپ میں نظام الدین کی شاندار لیگ گوگلی باؤلنگ، 4 میچز میں 16 وکٹیں حاصل اور ٹاپ وکٹ ٹیکر کا اعزاز حاصل کیا Home / کھیل /

چیلنج کپ میں نظام الدین کی شاندار لیگ گوگلی باؤلنگ، 4 میچز میں 16 وکٹیں حاصل اور ٹاپ وکٹ ٹیکر کا اعزاز حاصل کیا

ایڈیٹر - 18/04/2026
 چیلنج کپ میں نظام الدین کی شاندار لیگ گوگلی باؤلنگ، 4 میچز میں 16 وکٹیں حاصل اور ٹاپ وکٹ ٹیکر کا اعزاز حاصل کیا

اسلام آباد (عبدالغفار خان) سے: لاہور ریجن کے ایسٹ زون کی نمائندگی کرتے ہوئے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر نظام الدین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔ لاہور چیلنج کپ میں جہاں مجموعی طور پر 30 ٹیموں نے شرکت کی، وہیں نظام الدین نے اپنی بہترین لائن اینڈ لینتھ لیگ گوگلی اسپن باؤلنگ کی بدولت صرف چار میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔

نظام الدین کی کارکردگی محض باؤلنگ تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ باجوڑ میں ایک سیزن کے دوران انہوں نے 17 وکٹوں کے ساتھ 427 رنز بنا کر آل راؤنڈ کارکردگی پیش کی، جبکہ اگلے سیزن میں بھی 18 وکٹیں حاصل کر کے اپنی مستقل مزاجی ثابت کی۔

نظام الدین نے مستقبل میں لاہور ریجن کی جانب سے کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ان کے کیریئر کا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ ان کے کھیل کو مزید نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نظام الدین کا کہنا تھا کہ ان کی تمام تر توجہ اب سینئر ڈسٹرکٹ گریڈ ٹو کرکٹ پر مرکوز ہے اور وہ بھرپور محنت کے ذریعے اعلیٰ سطح پر اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ریجن میں کھیلنے سے انہیں بہتر مواقع اور تجربہ حاصل ہوگا جو ان کے کیریئر کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ نظام الدین پاکستان واپڈا کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ملیشیا کا دورہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ ان کی حالیہ کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر انہیں مسلسل مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مستقبل میں قومی ٹیم تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔