حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود کپتان برقرار، نئے چہرے شامل Home / کھیل /

بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود کپتان برقرار، نئے چہرے شامل

ایڈیٹر - 18/04/2026
بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز: قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود کپتان برقرار، نئے چہرے شامل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت بدستور شان مسعود کریں گے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے، جبکہ پانچ کھلاڑی اس وقت لاہور میں جاری نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں شریک ہیں۔

بورڈ کے شیڈول کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم 27 اپریل کو کراچی میں تربیتی کیمپ میں رپورٹ کرے گی، جو یکم مئی تک جاری رہے گا۔ ٹیم 2 مئی کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل 11) میں مصروف کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد کیمپ کو جوائن کریں گے۔

اس دورے کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسد شفیق بیٹنگ کوچ اور عمر گل بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود کے علاوہ عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد عباس، محمد رضوان، محمد غازی غوری، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم اس سیریز میں مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ نئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا سنہری موقع ملے گا۔