بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) نے ڈاکار 2026 یوتھ اولمپک گیمز کے لیے ایتھلیٹ رول ماڈلز کے پہلے گروپ کا اعلان کر دیا ہے، جسے ایونٹ کی تیاریوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ مقابلے اس لحاظ سے تاریخی اہمیت رکھتے ہیں کہ یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب اولمپک سطح کا کوئی بڑا کھیلوں کا ایونٹ افریقی براعظم میں منعقد کیا جائے گا۔
آئی او سی کے مطابق منتخب کیے گئے ایتھلیٹ رول ماڈلز میں اولمپک چیمپئنز، میڈل یافتہ کھلاڑیوں اور سابق اولمپینز کو شامل کیا گیا ہے، جو نوجوان ایتھلیٹس کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور تجربات کی منتقلی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
یہ رول ماڈلز نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف تربیتی، تعلیمی اور ترغیبی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے تاکہ انہیں نہ صرف کھیلوں میں کامیابی بلکہ اولمپک اقدار سے بھی روشناس کرایا جا سکے۔
یاد رہے کہ ڈاکار 2026 یوتھ اولمپک گیمز کو افریقہ میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ایک بڑے موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔