ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر روبیل حسین نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، تاہم وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
36 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اپنے 159 میچز پر مشتمل کیریئر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی ان کے لیے ہمیشہ اعزاز رہی، مگر اب وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔
روبیل حسین نے 2009 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور بنگلہ دیش کی جانب سے 27 ٹیسٹ، 104 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ ون ڈے فارمیٹ میں انہوں نے 129 وکٹیں حاصل کیں اور وہ ملک کے نمایاں بولرز میں شمار ہوتے ہیں۔
ان کے کیریئر کا یادگار لمحہ 2015 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ تھا، جہاں ان کی شاندار بولنگ نے بنگلہ دیش کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
روبیل حسین نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ اپریل 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مداحوں، ساتھیوں اور اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی حمایت کی امید ظاہر کی۔