حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ٹینس سٹار ، جیمی مرے کا ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان Home / کھیل /

ٹینس سٹار ، جیمی مرے کا ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ایڈیٹر - 16/04/2026
ٹینس سٹار ، جیمی مرے کا ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن: برطانوی ٹینس کے ممتاز کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک جیمی مرے نے پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی برطانوی ٹینس کے ایک کامیاب دور کا اختتام ہو گیا۔

بی بی سی کے مطابق 40 سالہ جیمی مرے نے اپنے دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں 34 ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کیے، جن میں 7 گرینڈ سلام اعزازات شامل ہیں۔ وہ عالمی ڈبلز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بھی رہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے والدین، بھائی اینڈی مرے اور دیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس سفر کو اپنی زندگی کا قیمتی تجربہ سمجھتے ہیں۔

برطانوی ڈیوس کپ کپتان لیون سمتھ نے جیمی مرے کو غیر معمولی کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2015 میں برطانیہ کو 79 سال بعد ڈیوس کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2016 میں مرے برادران نے اس وقت تاریخ رقم کی جب جیمی ڈبلز اور اینڈی سنگلز میں بیک وقت عالمی نمبر ایک بنے۔

جیمی مرے نے اپنے کیریئر میں 1000 سے زائد اے ٹی پی میچز کھیلے اور نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد مرے برادران کے شاندار دور کا باقاعدہ اختتام ہو گیا ہے۔