صوبائی وزیر مبارک زیب خان کی کوششوں سے قبائلی اضلاع میں گھریلو سطح پر شمسی توانائی کی فراہمی کے ایک بڑے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے لیے تقریباً 13 ارب روپے مالیت کی ترقیاتی دستاویز وفاقی حکومت کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔ منصوبہ ضم شدہ اضلاع پروگرام کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد توانائی کی کمی کا دیرپا حل فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 45 ہزار گھرانوں کو شمسی توانائی کے نظام فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے ضلع باجوڑ کے لگ بھگ 9 ہزار 500 گھرانے بھی مستفید ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد دے گا بلکہ قبائلی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں، خود انحصاری اور معیارِ زندگی میں بہتری کا باعث بھی بنے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی منصوبے کی باضابطہ منظوری ملتی ہے، اس پر عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا، جس سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کی امید پیدا ہو گئی ہے۔