مردان کی تحصیل رستم کے علاقہ مچھی جعفر میں نویں جماعت کے طالب علم ہارون الرشید کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ تھانہ رستم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو محض 6 گھنٹوں کے اندر آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کارروائی اور گرفتاری:
پولیس کے مطابق، پرچہ دینے کے لیے جاتے ہوئے طالب علم ہارون الرشید (ولد ریاض گل) کو جعفر پل کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کیں اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم مغاذ ولد گلاب کو دھر لیا۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
قتل کی لرزہ خیز وجہ سامنے آگئی:
ابتدائی تفتیش کے دوران قتل کی افسوسناک وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مغاذ اور مقتول ہارون کے درمیان لڑکی کے تنازعہ پر دشمنی چل رہی تھی، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے معصوم طالب علم کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے تعلیمی مستقبل کے لیے امتحان دینے جا رہا تھا۔
پولیس کا عزم:
تھانہ رستم پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔