اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 16 اپریل سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث 16 سے 19 اپریل تک متعدد علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں بارشوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 16 سے 18 اپریل کے دوران موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 16 سے 19 اپریل کے دوران ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آنے، کمزور عمارتوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔