باجوڑ : ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چارمنگ کے دوران متاثر ہونے والے عارضی طور پر بے گھر افراد (ٹی ڈی پیز) کو امدادی رقوم کی ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر اور سہل بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں شاہد رفیق گنڈاپور، سعید اللہ جان سمیت دیگر متعلقہ حکام اور پی ڈی ایم اے کے کوآرڈینیٹر نے شرکت کی۔
شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت کی بروقت اور شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات زیر عمل ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ پی ڈی ایم اے کا آن لائن پورٹل عوام کیلئے دستیاب کیا جائے تاکہ متاثرین اپنی معلومات اور امدادی رقوم کی تفصیلات باآسانی چیک کر سکیں۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مستحق افراد کو ریٹیلرز سینٹرز کے ذریعے ادائیگی کے عمل کو مزید سہل اور تیز بنایا جائے، تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور امدادی عمل کو شفاف، منظم اور مؤثر بنانا ہے۔