باجوڑ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد کی قیادت اور براہ راست نگرانی میں ضلعی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تھانہ اتمان خیل پولیس نے اج ایک اہم کامیابی حاصل کرلی۔ چوری چکاری میں ملوث ایک منظم گینگ کو بے نقاب کرتے ہوئے ملزم جمشید سکنہ بانڈہ گئی کو گرفتار کرلیا گیا۔
کارروائی ایس۔ایچ۔او تھانہ اتمان خیل عبد الصمد خان کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس میں پولیس ٹیم نے پیشہ وارانہ مہارت اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ملزم پانی کے کنوؤں اور مساجد سے موٹرز چوری کرنے میں ملوث تھا، جس کے خلاف مقامی سطح پر متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے مالمسروقہ 4 عدد موٹرز بھی برآمد کرلی گئیں، جنہیں قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جائے گا۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے جبکہ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے تھانہ اتمان خیل پولیس ٹیم اور ایس۔ایچ۔او عبد الصمد خان کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔