اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر 12 اپریل سے 17 اپریل تک بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری خصوصی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، ژالہ باری اور برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے متعدد شہروں، جن میں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں، میں 13 سے 17 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ آندھی آنے کا امکان ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں، گاڑیوں اور دیگر املاک کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔
ادارے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں، بشمول سکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غذر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلیاں اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے خدشات کے پیش نظر مسافروں اور مقامی افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔