ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے صوبائی کابینہ کے 3 اپریل 2026 کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ، شاہد علی خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار-1، محمد نثار خان، اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی ارشد کمال، تحصیلدار خار حبیب الرحمان اور ٹی ایم اے کے فوکل پرسن گل حسین نے جناح بس ٹرمینل کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران حکام نے سی کلاس بس اسٹینڈز پر 100 فیصد اڈہ فیس کی وصولی سے متعلق حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں انہیں صوبائی حکومت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ڈرائیور حضرات کسی بھی ایسی فیس یا ٹیکس کی وصولی سے گریز کریں جو صوبائی حکومت کی جانب سے ختم کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں جناح بس ٹرمینل کا انتظام ٹی ایم اے کے سپرد کر دیا گیا ہے، جہاں عملے کی تعیناتی کے ذریعے اڈہ آپریشنز کو منظم بنایا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹی ایم اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ ضلع بھر کے دیگر اڈوں پر بھی ان احکامات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔